پی پی سی کی طرف سےمختلف یونیورسٹیوں کے میڈیاطالب علموں کےلئے تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

لاھور(NWP)پنجاب بھر کی مختلف یونیورسٹیوں سے آئے میڈیا سٹوڈنٹس کےلئے 3 روزہ پروفیشنل ٹریننگ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی‘ورکشاپ کا اہتمام وزارت اطلاعات و نشریات کے پروجیکٹ کے تحت پاکستان پیس کولیکٹو(پی پی سی) نے کیا۔واضع رہے کہ اس پروجیکٹ کا مقصدملک بھر سے شدت پسندی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ میڈیا طالب علموں کو معاشرے میں تعمیری کردار ادا کرنے کی تربیت دینا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان پیس کولیکٹو شبیر انور نے ورکشاپ کے اختتامی سیشن کی صدارت کی۔اس موقع پر انہوں نے معاشرے میںامن اور برداشت کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ میڈیا سٹوڈنٹس اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ جب وہ عملی زندگی میں قدم رکھیں تو معاشرے میں خاص کر ملک میں امن وبرداشت کے قیام اور شدت پسندی کے خاتمہ کےلئے بھرپور کوشش کریں تاکہ ایک امن پسند معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورکشاپ میں شرکت کرنے والے طالب علم شدت پسندی کے خاتمہ کےلئے دی گئی ٹریننگ کے اصولوں کو اپنی عملی زندگی میں بھی سامنے رکھیں گے ‘کیونکہ اس ورکشاپ کا اصل مقصد بھی یہی ہے ۔معروف سکالر اور ٹرینر قاسم علی شاہ‘نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے آئے کامران بٹ‘ منظور زیدی‘پاکستان ٹیلی ویژن کے پروڈیوسرفرحان مشتاق‘عثمان ظفر اور فیضان گل نے بھی اس موقع پر شدت پسندی کے خاتمہ اور امن کے قیام کے حوالے سے سیر حاصل لیکچر دیئے۔ورکشاپ میں کل 34طالب علموں نے شرکت کی جن کاتعلق لاہور ‘گجرات ‘گوجرانوالہ‘فیصل آباد‘سرگودھا اور بہاولپور کی مختلف یونیورسٹیوں سے تھا۔بعد ازاں سی ای او شبیر انور نے ورکشات کے شرکاءمیں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ 

This post has been Liked 0 time(s) & Disliked 0 time(s)